ایپل کی جانب سے پہلے فولڈ ایبل آئی فون پر کافی عرصے سے کام جاری ہے اور اب ایک نئی لیک میں اس کے حوالے سے اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کمپنی اس جدید ڈیوائس کو ستمبر 2026 میں آئی فون 18 پرو سیریز کے ساتھ متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایپل اس فولڈ ایبل فون کو “الٹرا” ماڈل کے طور پر پیش کرے گا، جو کمپنی کا سب سے مہنگا اور جدید اسمارٹ فون ہوگا۔ اس ڈیوائس کا مقصد نہ صرف مارکیٹ میں نئی جدت لانا ہے بلکہ صارفین کو ایسا تجربہ دینا بھی ہے جو پہلے کبھی کسی آئی فون میں دیکھنے کو نہیں ملا۔
یہ فون کتاب کی طرح فولڈ ہونے والے ڈیزائن کے ساتھ آئے گا۔ اس کا بیرونی ڈسپلے 5.5 انچ کا ہوگا جبکہ فون کو کھولنے پر اندر 7.8 انچ کی بڑی اسکرین سامنے آئے گی، جو اسے ایک چھوٹے ٹیبلیٹ جیسا بنا دے گی۔ یہی وجہ ہے کہ اس ڈیوائس کو ویڈیوز دیکھنے، گیمنگ اور ایک ساتھ کئی کام کرنے کے لیے بہترین قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایپل اس فون کے لیے نہایت باریک مگر مضبوط گلاس اور لیکوئیڈ میٹل استعمال کرنے کی آزمائش کر رہا ہے تاکہ ڈیوائس زیادہ پائیدار ہو۔ اس کے علاوہ کچھ لیکس کے مطابق اس میں 3 ڈی پرنٹڈ پرزہ جات بھی شامل کیے جا سکتے ہیں، جو اسے مزید مضبوط اور لچکدار بنائیں گے۔
ڈیزائن کے لحاظ سے یہ فون حیرت انگیز حد تک پتلا ہوگا۔ کھلنے کے بعد اس کی موٹائی تقریباً 4.5 سے 4.8 ملی میٹر ہوگی جبکہ فولڈ ہونے پر یہ تقریباً 9.6 ملی میٹر تک ہو جائے گا۔
مزید یہ کہ اس میں جدید A20 پرو چپ دیے جانے کا امکان ہے جبکہ بیٹری کی گنجائش 5500 ایم اے ایچ ہو سکتی ہے۔ کیمرہ ڈیزائن سادہ مگر منفرد ہوگا جس میں دو کیمرے، مائیکروفون اور فلیش شامل ہوں گے، اور مجموعی شکل آئی پیڈ پرو جیسی محسوس ہوگی۔
ماہرین کے مطابق یہ نیا فولڈ ایبل آئی فون اسمارٹ فون کے استعمال کے انداز کو مکمل طور پر بدل سکتا ہے اور صارفین کو ایک بالکل نیا تجربہ فراہم کرے گا۔
ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون ستمبر 2026 میں متوقع
