کراچی میں رواں سال منکی پاکس کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے، جس کے بعد محکمہ صحت نے صورتحال پر نظر رکھنا شروع کر دی ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق مریض کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایم پاکس کی تصدیق ہوئی، جس پر اسے فوری طور پر سندھ انفیکشس ڈیزیز اسپتال منتقل کیا گیا تاکہ بہتر طبی نگہداشت فراہم کی جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ مریض بیرون ملک سے سفر کرکے پاکستان پہنچا تھا، جس کے باعث کیس کو سفری ہسٹری سے جوڑا جا رہا ہے۔ بعد ازاں مریض کی حالت بہتر ہونے پر اسے اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا اور مزید دیکھ بھال کے لیے دوسرے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
محکمہ صحت کے حکام کے مطابق رواں سال مختلف اسپتالوں میں ایم پاکس کے کئی مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، تاہم تصدیق شدہ کیسز کی تعداد محدود ہے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ منکی پاکس ایک متعدی بیماری ہے، تاہم بروقت تشخیص اور احتیاطی تدابیر کے ذریعے اس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر طبی مشورہ حاصل کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
کراچی میں منکی پاکس کا پہلا کیس رپورٹ
