Baaghi TV

‎کراچی ڈیفنس میں تیز رفتار کار الٹنے سے فوڈ ڈیلیوری رائیڈر جاں بحق

‎کراچی کے علاقے ڈیفنس کی خیابانِ اتحاد میں تیز رفتاری کے باعث ایک کار بے قابو ہو کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں ایک فوڈ ڈیلیوری رائیڈر جاں بحق ہوگیا۔
‎عینی شاہدین اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق تیز رفتار گاڑی فٹ پاتھ پر چڑھتے ہوئے کئی قلابازیاں کھاتی ہوئی سڑک کنارے کھڑے ڈیلیوری رائیڈر سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے بعد رائیڈر کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ متوفی کی شناخت فرحان کے نام سے ہوئی ہے۔
‎رپورٹس کے مطابق گاڑی چلانے والا حسن بھنگوار نامی شخص نکلا، جو اسسٹنٹ کمشنر کا بھتیجا بتایا جاتا ہے۔ گاڑی کے عقب میں حکومتِ سندھ کی سرکاری نمبر پلیٹ بھی لگی ہوئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ساحل پولیس نے کئی گھنٹوں تک ملزم کی حراست سے متعلق تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
‎ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق متوفی کے اہلِ خانہ نے قانونی کارروائی سے انکار کردیا ہے۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی مکمل کرتے ہوئے پوسٹ مارٹم کرایا اور بعد ازاں میت ورثاء کے حوالے کردی۔ اہلِ خانہ میت کو تدفین کے لیے ٹھٹھہ لے گئے۔
‎پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اگر ورثاء کی جانب سے درخواست دی گئی تو مقدمہ درج کیا جائے گا۔ ملزم حسن بھنگوار کو شخصی ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔

More posts