Baaghi TV


غیر ملکی سرمایہ کار پیچھے ہٹ گئے، مقامی بانڈز میں سرمایہ کاری کم


پاکستان کے مقامی بانڈز میں مارچ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی بڑی وجہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں کمی کو قرار دیا جا رہا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026 کے پہلے نو ماہ میں مجموعی سرمایہ کاری 886.7 ملین ڈالر رہی، جبکہ اس دوران 794 ملین ڈالر کا اخراج ہوا، جس کے بعد خالص سرمایہ کاری صرف 93 ملین ڈالر رہ گئی۔
‎رپورٹ کے مطابق مارچ کے پہلے 27 دنوں میں ٹریژری بلز سے 227 ملین ڈالر نکالے گئے جبکہ اسی عرصے میں صرف 19 ملین ڈالر کی نئی سرمایہ کاری آئی، جو غیر ملکی سرمایہ کاروں کے کمزور اعتماد کی نشاندہی کرتی ہے۔
‎اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ سرمایہ برطانیہ منتقل ہوا جہاں 281 ملین ڈالر کا اخراج ریکارڈ کیا گیا، جبکہ متحدہ عرب امارات سے 209 ملین ڈالر، بحرین سے 170 ملین ڈالر، سنگاپور سے 77.6 ملین ڈالر اور امریکہ سے 32 ملین ڈالر کا سرمایہ نکالا گیا۔
‎دوسری جانب مقامی سطح پر ٹریژری بلز میں سرمایہ کاری میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ اندرون ملک سرمایہ کار حکومتی بانڈز کو نسبتاً محفوظ سمجھ رہے ہیں۔
‎ماہرین کے مطابق خطے میں غیر یقینی صورتحال برقرار رہنے کی صورت میں غیر ملکی سرمایہ کاری پر مزید دباؤ پڑ سکتا ہے۔

More posts