Baaghi TV

سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ گھر میں گر کر زخمی

اسلام آباد: سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ اپنے گھر میں گرنے کے باعث زخمی ہو گئے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو گرنے سے جسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں آئی ہیں۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ منگل کی صبح تقریباً ساڑھے چار بجے پیش آیا جب وہ اپنے گھر کے واش روم میں اچانک پھسل کر گر گئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق گرنے کے نتیجے میں ان کے سر پر بھی زخم آئے ہیں، جس کے باعث ڈاکٹروں نے انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں منتقل کر دیا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق سابق آرمی چیف کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم ان کا معائنہ کر رہی ہے۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ جنرل (ر) باجوہ کو بروقت طبی امداد فراہم کر دی گئی تھی اور فی الحال وہ ڈاکٹروں کی زیر نگرانی ہیں۔ مزید طبی معائنے اور ضروری ٹیسٹ بھی کیے جا رہے ہیں تاکہ اندرونی چوٹوں کے امکان کو مکمل طور پر مسترد کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ نے نومبر 2022 میں اپنی مدتِ ملازمت مکمل کرنے کے بعد پاک فوج کی سربراہی سے ریٹائرمنٹ حاصل کی تھی۔ ان کی اچانک علالت کی خبر سامنے آنے کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

More posts