روسی ڈرون حملے میں سابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن بال بال بچ گئے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بورس جانسن یوکرین سے پولینڈ جانے والی ٹرین میں سوار تھے۔ ڈرون حملے کے نتیجے میں ٹرین کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا، تاہم واقعے میں کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔
رپورٹ کے مطابق ڈرون حملہ پولینڈ کی سرحد سے تقریباً 2 کلومیٹر دور وولِن کے علاقے میں کیا گیا۔ حملے کے وقت ٹرین میں مجموعی طور پر 206 افراد سوار تھے، جبکہ سابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کیف میں ایک کانفرنس میں شرکت کے بعد اسی ٹرین کے ذریعے پولینڈ جا رہے تھے۔
ڈرون حملے کے بعد پولینڈ نے اپنی فضائی حدود کی نگرانی اور تحفظ کے لیے جنگی طیارے بھی فضا میں بھیج دیے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کردیے گئے۔
یوکرینی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ روس نے جان بوجھ کر ٹرین کو نشانہ بنایا، تاہم حملے کے نتیجے میں بورس جانسن سمیت ٹرین میں موجود تمام افراد محفوظ رہے اور کسی ہلاکت کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
