چین کے سابق وزیرِ انصاف تانگ یی جون کو رشوت لینے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ چینی سرکاری میڈیا کے مطابق عدالت نے بدعنوانی کے الزامات ثابت ہونے پر یہ فیصلہ سنایا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ تانگ یی جون کی بدعنوان سرگرمیوں کے باعث ریاست اور عوامی مفادات کو غیر معمولی نقصان پہنچا۔ جرم ثابت ہونے پر انہیں تاحیات سیاسی حقوق سے بھی محروم کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کی تمام جائیداد ضبط کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق یہ سزا ایسے وقت میں سنائی گئی ہے جب چینی صدر شی جن پنگ ملک بھر میں بدعنوانی کے خلاف جاری مہم کو مزید سخت اور تیز کر رہے ہیں۔ اس مہم کے تحت حالیہ ہفتوں میں کئی اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام احتساب کی زد میں آ چکے ہیں۔
گزشتہ ماہ چین نے اس بات کی بھی تصدیق کی تھی کہ اعلیٰ فوجی جنرل ژانگ یو شیا کے خلاف تحقیقات جاری ہیں، جسے سینئر عسکری قیادت کے خلاف اب تک کی سب سے نمایاں کارروائیوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
چین کے سابق وزیرِ انصاف تانگ یی جون کو رشوت کے جرم میں عمر قید کی سزا
