ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی کے گاؤں اٹل شریف میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے امن کمیٹی کے چار ارکان جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے اچانک فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں چار افراد موقع پر ہی جان سے گئے۔ جاں بحق افراد کا تعلق مقامی امن کمیٹی سے تھا، جو علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سرگرم تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور ایک امن کمیٹی کے رکن کو اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ حکام کے مطابق ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق اٹل شریف اور گردونواح کے علاقوں میں اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے تاکہ صورتحال کو قابو میں رکھا جا سکے۔
مقامی افراد نے واقعے پر شدید افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حملہ آوروں کو فوری گرفتار کر کے سخت کارروائی کی جائے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں حالیہ مہینوں کے دوران امن کمیٹیوں اور سکیورٹی اہلکاروں پر حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد سکیورٹی اداروں نے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز تیز کر دیے ہیں۔
ڈی آئی خان میں امن کمیٹی کے 4 ارکان قتل
