چمن سمیت شمالی بلوچستان میں برفباری کے بعد کڑاکے
کی سردی برقرار ہے اور برفیلی ہواؤں کے باعث درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے کئی درجے نیچے چلا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چمن میں درجہ حرارت منفی 6، کوژک ٹاپ منفی 9، خواجہ عمران منفی 10، قلات منفی 11، قلعہ سیف اللہ منفی 5، قلعہ عبداللہ منفی 6 جبکہ توبہ اچکزئی میں پارہ منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔ کوئٹہ میں درجہ حرارت ایک ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
شدید سردی کے باعث چمن میں پانی کی پائپ لائنیں منجمد ہو گئیں، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ این ایچ اے، پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ نے کوئٹہ چمن شاہراہ این 25 سے برف ہٹا کر سڑک ٹریفک کے لیے بحال کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج رات اور کل صبح چمن سمیت شمالی بلوچستان میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سسٹم آج خطے میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
چمن سمیت شمالی بلوچستان میں شدید سردی، پارہ منفی 12
