فیصل آباد میں کیفے کی خاتون مالک پر تشدد کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے جس میں ملزم کو کیفے میں داخل ہوکر خاتون کو ہراساں اور تشدد کا نشانہ بناتے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم مدثر نے کیفے کی مالک مریم کو مبینہ طور پر کاروباری پارٹنرشپ کی پیشکش کی تھی۔ خاتون کی جانب سے انکار کرنے پر ملزم طیش میں آگیا اور کیفے میں گھس کر نہ صرف بدتمیزی کی بلکہ خاتون پر تشدد بھی کیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت کیفے میں دیگر افراد بھی موجود تھے جنہوں نے بیچ بچاؤ کی کوشش کی، تاہم ملزم مشتعل حالت میں خاتون کو ہراساں کرتا رہا۔ واقعے کے بعد متاثرہ خاتون نے پولیس کو اطلاع دی جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔
پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے حراست میں لے لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی اور متاثرہ خاتون کو مکمل قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی واقعے کی شدید مذمت کی جارہی ہے اور شہریوں کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ ملزم کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ خواتین کاروباری شخصیات کو تحفظ کا احساس دلایا جاسکے۔پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی قسم کی ہراسانی یا تشدد کی صورت میں فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جاسکے۔
