متحدہ عرب امارات میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد شہریوں اور کاروباری حلقوں پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے۔
جاری کردہ نئے نرخوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 30 فیصد سے زائد جبکہ ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 70 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو حالیہ عرصے میں ایک بڑا اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپر پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 2.59 درہم سے بڑھ کر 3.39 درہم ہو گئی ہے، جبکہ اسپیشل 95 پیٹرول 2.48 درہم سے بڑھ کر 3.28 درہم فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح ای پلس 91 پیٹرول کی قیمت 2.40 درہم سے بڑھ کر 3.20 درہم فی لیٹر ہو گئی ہے۔
دوسری جانب ڈیزل کی قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا، جہاں فی لیٹر قیمت 2.72 درہم سے بڑھ کر 4.69 درہم تک پہنچ گئی ہے، جس کا براہ راست اثر ٹرانسپورٹ اور صنعتی شعبے پر پڑنے کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور خطے میں جاری کشیدگی اس اضافے کی بڑی وجوہات ہو سکتی ہیں، جبکہ اس کے اثرات دیگر ممالک پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
یو اے ای میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ
