جرمن کمپنی پونکیٹ نے ایم سی 03 نامی ایسا اسمارٹ فون تیار کیا ہے جس کی بیٹری لائف دیگر فونز کے مقابلے میں غیر معمولی حد تک طویل ہے اور اسے 6 سے 7 دن تک بغیر چارج کیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ زیادہ تر اسمارٹ فونز میں بیٹری ایک یا دو دن کے بعد ختم ہو جاتی ہے، کیونکہ متعدد ایپس پسِ منظر میں فعال رہتی ہیں اور ڈیٹا یا توانائی استعمال کرتی ہیں، مگر ایم سی 03 میں صارفین کی پرائیویسی کو ترجیح دی گئی ہے اور فون خود ایپس کے ڈیٹا اکٹھا کرنے کے عمل کو کنٹرول کرتا ہے۔
فون میں بائی ڈیفالٹ ایپس کو انٹرنیٹ تک رسائی سے روکا گیا ہے، جس سے بیک گراؤنڈ ڈیٹا کا جمع ہونا ممکن نہیں۔ کمپنی کے مطابق، فون کی بیٹری عام استعمال میں 6 سے 7 دن تک اور زیادہ استعمال میں 4 سے 5 دن تک بغیر چارج کیے چل سکتی ہے، جبکہ فون کی بیٹری دیگر فونز جتنی ہی سائز میں ہے، لیکن توانائی کے انتظام میں جدید تکنیک استعمال کی گئی ہے۔
ایم سی 03 اوپن سورس اینڈرائیڈ پراجیکٹ پر مبنی آپریٹنگ سسٹم AphyOS پر کام کرتا ہے، جس میں صارفین کی پرائیویسی کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے۔ فون میں 120 ہرٹز او ایل ای ڈی ڈسپلے موجود ہے اور بیٹری کو آسانی سے نکال کر بدلا جا سکتا ہے، جو اس کے استعمال کو مزید صارف دوست بناتا ہے۔