پاکستان کی سیاحتی حکمتِ عملی کے مثبت اثرات نمایاں طور پر سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں گلگت بلتستان کو دنیا کے بہترین 25 سیاحتی مقامات میں شامل کر لیا گیا ہے۔ یہ پیش رفت نہ صرف پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے بلکہ اس بات کی بھی عکاسی کرتی ہے کہ ملک کی قدرتی خوبصورتی اور سیاحتی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی گرین ٹورازم پالیسی اور مربوط حکمتِ عملی نے سیاحت کے شعبے میں نئی جان ڈال دی ہے۔ انفراسٹرکچر کی بہتری، سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات اور سیاح دوست اقدامات نے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے، جس کے باعث سیاحت کے شعبے میں واضح ترقی دیکھنے میں آئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سال 2025 میں 10 لاکھ سے زائد غیر ملکی سیاحوں نے پاکستان کا رخ کیا، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 820 فیصد کا حیران کن اضافہ ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ اضافہ نہ صرف پالیسی اقدامات کا نتیجہ ہے بلکہ سوشل میڈیا اور عالمی میڈیا میں پاکستان کے مثبت تاثر نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
عالمی میڈیا اداروں بی بی سی اور سی این این نے پاکستان کے شمالی علاقہ جات، خصوصاً گلگت بلتستان کو دنیا کے بہترین سیاحتی مقامات میں شامل کر کے اس خطے کی قدرتی خوبصورتی، بلند پہاڑوں، جھیلوں اور ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے، جس سے پاکستان کی ساکھ مزید مضبوط ہوئی ہے۔
اس کامیابی میں ویزا پالیسی میں نرمی بھی ایک اہم عنصر ثابت ہوئی ہے، جہاں 126 ممالک کے شہریوں کو ویزا آن ارائیول اور آسان آن لائن ویزا سہولت فراہم کی گئی، جس سے سیاحوں کے لیے پاکستان کا سفر پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان اور پرکشش ہو گیا۔
مزید برآں گرین ٹورازم پرائیویٹ لمیٹڈ نے گزشتہ دو سالوں میں ملک بھر میں 17 بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے ہیں، جن میں سیاحتی سہولیات کی بہتری، ہوٹلنگ سیکٹر کی اپ گریڈیشن اور نئے ریزورٹس کی تعمیر شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ‘ٹورازم آن دی پام’ ای پورٹل بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے سیاح آسانی سے بکنگ، معلومات اور رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔
حکام کے مطابق مستقبل میں سیاحت کے فروغ کے لیے مزید اقدامات بھی زیر غور ہیں، جن میں 2026-27 کے دوران 10 نئے ہوٹلز اور ریزورٹس قائم کرنے کا منصوبہ شامل ہے۔ ان منصوبوں میں ہنزہ کی دلکش وادیاں اور گڈانی و سونمیانی کے ساحلی علاقے شامل ہیں، جس سے پہاڑی اور ساحلی سیاحت دونوں کو یکساں فروغ ملے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تمام اقدامات پاکستان کو ایک مستحکم عالمی سیاحتی مرکز بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہیں اور اگر یہی رفتار برقرار رہی تو آنے والے برسوں میں پاکستان سیاحت کے میدان میں ایک نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے۔
گلگت بلتستان دنیا کے ٹاپ 25 سیاحتی مقامات میں شامل
