Baaghi TV


ایران جنگ کے باعث عالمی توانائی بحران، فلپائن میں ایک سال کیلئے انرجی ایمرجنسی نافذ


ایران جنگ اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پیدا ہونے والے عالمی توانائی بحران نے دنیا بھر کے ممالک کو متاثر کرنا شروع کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں فلپائن نے ملک میں ایک سال کیلئے قومی انرجی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلپائن کے صدر فرڈیننڈ مارکوس جونیئر نے اعلان کیا کہ ملک کو توانائی کی فراہمی اور استحکام کے حوالے سے سنگین خطرات لاحق ہیں، جس کے پیش نظر فوری اقدامات ناگزیر ہو گئے ہیں۔
‎رپورٹ کے مطابق فلپائن نے بحران سے نمٹنے کیلئے روس سے ایک لاکھ ٹن خام تیل خریدنے کا فیصلہ بھی کیا ہے تاکہ توانائی کی قلت کو کم کیا جا سکے۔
‎دوسری جانب بھارت میں پٹرول اور گیس کی شدید قلت کے باعث پٹرول پمپس پر لمبی قطاریں لگ گئی ہیں جبکہ کمبوڈیا میں بھی شہریوں کو اسی صورتحال کا سامنا ہے۔
‎بنگلہ دیش میں جیٹ فیول کی قیمت میں 79 فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے اور مارچ کے مہینے میں دوسری مرتبہ قیمتیں بڑھائی گئی ہیں۔
‎ادھر جنوبی کوریا نے توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے 16 ارب ڈالر کے خصوصی بجٹ کا اعلان کیا ہے جبکہ نیوزی لینڈ میں ایندھن کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
‎ماہرین کے مطابق اگر مشرق وسطیٰ کی صورتحال مزید بگڑی تو عالمی توانائی بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے، جس کے اثرات معیشت اور روزمرہ زندگی پر گہرے ہوں گے۔

More posts