تبصرہ نگار عبدالغفار مجاہد
سیرت النبی ﷺ ایک ایسا دلنشین اور ایمان افروز موضوع ہے کہ جس پر دنیا میں سب سے زیادہ لکھا گیا اور لکھا جاتا رہے گا ۔ سیرت النبی ﷺ پر لکھی گئی ہر کتاب کی اپنی انفرادیت اور خصوصیت ہوتی ہے لیکن دارالسلام کی شائع کردہ پیش نظر کتاب ’’ آفتاب نبوت کی سنہری شعاعیں ‘‘ کی انفرادیت یہ ہے کہ یہ کتاب اس وقت لکھی گئی جب سال 2006ء میں ڈنمارک کے ایک چھوٹے سے اخبار نے نبی مکرم، رسول معظم ، رحمت عالم ﷺ کی شان میں گستاخی کی اور ناپاک خاکے شائع کیے ۔اخبار کی اس حرکت کے خلاف دنیا بھر کے مسلمانوں کابرانگیختہ اور مشتعل ہونا فطری بات تھی۔ ان خاکوں کے خلاف دنیا بھر کے مسلمانوں نے شدید احتجاج کیا ۔کتنے ہی ملکوں میں شدید ہنگامے ہوئے ۔ ہڑتالیں ہوئیں ۔ جلسے ہوئے ، جلوس نکالے گئے اور مسلمانوں نے نہایت ہی غم و غصے کا اظہارکیا ۔ مگر بد قسمتی سے اس احتجاج کو سنجیدگی سے لینے کی بجائے یورپ کے بعض دیگر ممالک نے بھی ان خاکوں کی اشاعت کی مذموم حرکت کر ڈالی ۔یورپ کا متعصب طبقہ اپنے تئیں اس حرکت سے رسول رحمت ﷺ کی شان ومنزلت اور رفعت وعظمت کم کرنا چاہتا تھا لیکن بعض اوقات غلط کاموں کے نتائج بھی عمدہ نکلتے ہیں ۔سو اس معاملے میں بھی یہی کچھ ہوا۔ ناپاک اور گستاخانہ خاکوں کے نتیجہ میں جہاں ڈنمارک کی مصنوعات کا بائیکاٹ ہوا وہیں اہل علم نے سوچنا شروع کیا کہ ایسا کیوں ہوا ہے۔۔۔ ۔ ؟؟اس سوال پر دنیا بھر میں کتنے ہی سیمینارزمکالمات اور مذاکرات ہوئے ۔ رسول ﷺ کی سیرت اوران کے حقوق کے حوالے سے مضامین اخبارات میں شائع ہوئے جن کا خلاصہ یہ تھا کہ بلا شبہ مسلمانوں نے اللہ کے رسول ﷺ کے حقوق ادا نہیں کیے ۔ ان کی سیرت کو لوگوں تک ان کی زبان میں نہیں پہنچایا گیا ۔ ارباب فکر ودانش نے رسول ﷺ کے کردار ‘ افعال، معاملات کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے پر زور دیا اور پھر سیرت نبوی کا دنیا بھر میں ایک نئے انداز سے چرچا ہوا ۔ عربی زبان میں بطور خاص سیرت پاک پر درجنوں کتابیں تالیف کی گئیں ۔ نیز سیرت پاک کی کتابوں کو مختلف زبانو ں میں ترجمہ کرکے لوگوں میں تقسیم کیا گیا ۔ڈنمارک کے اخبار کی طرف سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے بعد صرف دو سال کے اندراندر سیرت پاک پر جتنی کتابیں شائع کی گئیں ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی ہے ۔
یہی وہ موقع تھا جب دینی کتابوں کی اشاعت کے عالمی ادارہ ’’ دارالسلام ‘‘ کے بانی عبدالمالک مجاہد نے سعودی عرب سے شائع ہونے والے اردو اخبار ’’ جدہ نیوز ‘‘ کے ایڈیٹر کو خط لکھا جس میں ان کو تجویز دی گئی کہ ’’ جدہ نیوز ‘‘ میں سیرت النبی ﷺ پر کالموں کی اشاعت شروع کی جائے تاکہ قارئین کو رسول ﷺ کے شب وروز کے معمولات ، معاملات اور حالات جاننے کا موقع مل سکے۔تجویز اچھی تھی اس لئے اخبار کی انتظامیہ نے اسے پذیرائی بخشی اور کالم لکھنے کا قرعہ فال عبدالمالک مجاہد کے نام نکلا ۔ عبدالمالک مجاہد کہتے ہیں کہ اس کے بعد دوسوادوسالوں میں میرا بہت سا وقت سیرت پاک کے مطالعہ میں صرف ہوا۔ گھر پہنچنے کے بعد سیرت کی مختلف کتابیں ہوتیں اور میں ہوتا پھر مختلف واقعات کواپنے الفاظ میں ترتیب دے لیتا ۔ اللہ تعالیٰ کی مدد سے قلم میں روانی آتی چلی گئی جب لکھنے بیٹھتا تو قلم تسلسل سے لکھتا چلا جاتا ۔ یہ کالموں کاایک طویل سلسلہ تھا جو ہزاروں صفحات پر پھیلاہواتھا ۔ پیش نظر کتاب’’ آفتاب نبوت کی سنہری شعاعیں ‘‘ انہی کالموں کاخوبصورت اختصار ہے ۔کالم لکھتے وقت اس بات کابطور خاص خیال رکھا گیا تھا کہ الفاظ آسان اور سادہ ہوں تاکہ معمولی پڑھا لکھا آدمی بھی انہیں سمجھ سکے۔ اس لئے کہ سکولوں کالجوں میں زیر تعلیم ہماری نوجوان نسل اردو پڑھنے میں دقت محسوس کرتی ہے ۔ لہذا یہ کالم نہایت ہی آسان، سادہ اور کہانی کے انداز میں لکھے گئے تاکہ دلوں میں اتر جائیں ۔ تاہم کالم لکھتے وقت اس بات کا بطور خاص التزام کیا گیا کہ کوئی واقعہ موضوع یا غیر مستند نہ ہو ۔ دارالسلام کی روایات کے برعکس اس کتاب کے کوئی کاپی رائٹ نہیں ہیں ۔اس لئے کہ سیرت کی کتب کو عام کرنا اور انہیں گھر گھر تک پہنچانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔کتاب نہایت ہی عمدہ پیپر پر دیدہ زیب سرورق کے ساتھ شائع کی گئی ہے ، اعلیٰ پیپر پر طبع شدہ اس کتاب کی قیمت 2000روپے ہے ۔ یہ کتاب دارالسلام کے مرکزی شو روم لوئر مال نزد سیکرٹریٹ سٹاپ لاہور، ملک بھر میں دارالسلام کے تمام شورومز ، سٹاکٹس پر دستیاب ہے یاکتاب براہ راست حاصل کرنے کے لئے درج ذیل فون نمبر042-37324034پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔
