گوگل نے اپنی مقبول ترین نیوی گیشن سروس میپس کو ایک جدید آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) فیچر سے لیس کر دیا ہے۔ یہ فیچر بنیادی طور پر جیمنائی ماڈل پر مبنی ہے اور نومبر 2025 میں ڈرائیونگ کے دوران ہینڈز فری نیوی گیشن کے لیے متعارف کرایا گیا تھا۔
اب یہ فیچر نہ صرف ڈرائیونگ کے دوران بلکہ پیدل چلنے اور سائیکل چلانے والوں کے لیے بھی دستیاب ہے، تاکہ ہر طرح کے حالات میں صارفین کو فوری اور مفید رہنمائی فراہم کی جا سکے۔
گوگل کی بلاگ پوسٹ کے مطابق یہ فیچر دنیا بھر میں دستیاب ہو رہا ہے، جہاں بھی جیمنائی AI ماڈل موجود ہے، صارفین اسے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز پر استعمال کر سکیں گے۔ ویب ورژن میں یہ فیچر فی الحال دستیاب نہیں ہے۔
صارفین کو بس "اوکے گوگل” کہہ کر اپنا سوال پوچھنا ہوگا، اور جیمنائی اسی تناظر میں فوری ہینڈز فری جوابات فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ، صارفین AI کو ہدایت دے کر مختلف افراد کو ٹیکسٹ بھی بھیج سکتے ہیں، بشرطیکہ پرمیشن فراہم کی جائے۔
گوگل کا کہنا ہے کہ یہ نیا فیچر دنیا بھر کے صارفین کے لیے نیوی گیشن کو زیادہ آسان اور مؤثر بنانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
گوگل میپس میں نیا اے آئی فیچر، پیدل اور سائیکل صارفین کے لیے بھی متعارف
