اسلام آباد: چیئرمین افنان اللہ کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ہوا جس میں ایئرپورٹس کی نجکاری اور سہولیات بہتر بنانے کے امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سعودی عرب، ترکی اور متحدہ عرب امارات کی کمپنیاں پاکستان کے ایئرپورٹس میں دلچسپی رکھتی ہیں، جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک بھی ایئرپورٹس آؤٹ سورسنگ میں مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
سیکرٹری نجکاری نے کہا کہ بڑے ایئرپورٹس کو آؤٹ سورسنگ کرنے سے چھوٹے ایئرپورٹس کی سہولیات بہتر ہو سکیں گی۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں داخلے میں ایک گھنٹہ لگنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں سینیٹر پلوشہ خان نے سوال کیا کہ کیا حکومت اب خود کوئی کام نہیں کر سکتی، جس پر چیئرمین کمیٹی نے کراچی ایئرپورٹ پر چوہوں کے گھومنے کی مثال دی۔ سینیٹر بلال احمد نے تجویز دی کہ تمام ایئرپورٹس کو ایک ساتھ آؤٹ سورس کیا جائے تاکہ سی اے اے بہتر رہنمائی فراہم کر سکے۔