گوجرخان (قمرشہزاد) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے اہلیانِ گوجرخان کیلئے ترقی کا نیا سویرا طلوع ہو گیا۔
عظیم الشان منصوبوں پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے ایم پی اے راجہ شوکت عزیز بھٹی اور ایڈووکیٹ ثاقب علی بیگ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ مریم نواز شریف نے گوجرخان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کر کے ثابت کر دیا ہے کہ مسلم لیگ ن ہی عوامی خدمت کی حقیقی علمبردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بسیں محض سواری نہیں بلکہ ایک معیاری طرزِ زندگی کی علامت ہیں، جو گوجرخان سے سوہاوہ اور گوجرخان سے ٹی چوک روات تک کے مسافروں کو بین الاقوامی معیار کی سفری سہولیات فراہم کریں گی۔ ایم پی اے راجہ شوکت عزیز بھٹی نے واضح کیا کہ سی ایم پنجاب کی خصوصی ہدایت پر بزرگ شہریوں، خواتین اور طلبا و طالبات کیلئے یہ سفر بالکل مفت ہوگا، جبکہ عام شہریوں کیلئے محض 20 روپے کا معمولی کرایہ مقرر کیا گیا ہے، جو کہ مہنگائی کے دور میں غریب پرور حکومت کا ایک بے مثال اقدام ہے۔ ایڈووکیٹ ثاقب علی بیگ نے مزید کہا کہ سی ایم مریم نواز شریف کی قیادت میں گوجرخان میں تعمیر و ترقی کا وہ سفر شروع ہو چکا ہے جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ سوا ارب روپے پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس کے جاری کیے گے، جی ٹی روڈ پر دو انڈر پاسز کی تعمیر، میگا روڈ پراجیکٹس اور ستھرا پنجاب، اپنا گھر اپنی چھت، سولر پینلز جیسی مہمات نے شہر کا نقشہ بدل کر رکھ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب مشن کے تحت گوجرخان کی گلیوں اور محلوں کی صفائی ستھرائی کے جو تاریخی کام ہوئے ہیں، انہوں نے عوام کے معیارِ زندگی کو بلند کر دیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف کا پنجاب وژن ریاست کو فلاحی ریاست بنانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ اہلیان گوجرخان سمیت ہم اپنے قائدین کے اس بصیرت افروز فیصلے پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ تعمیر و ترقی کا یہ سفر کسی رکاوٹ کے بغیر جاری رہے گا۔
گوجرخان میں ن لیگ کا پاور شو گرین الیکٹرو بس افتتاحی تقریب میں عوام کا جمِ غفیر
عوامی سمندر میں مقامی قیادت ایک صف میں رنگا رنگ تقریب میں وزراء اور منتخب نمائندوں نے فیتہ کاٹ کر گرین ٹرانسپورٹ کا تحفہ دے دیا
گوجرخان میں تاریخی لمحہ سی ایم پنجاب کی قیادت میں مسلم لیگ ن کا خدمت، ترقی اور کارکردگی کا ماڈل ایک اور سنگِ میل عبور کر گیا
گوجرخان (قمرشہزاد) گوجرخان میں گرین الیکٹرو بس سروس کا باقاعدہ اور شاندار افتتاح ایک پروقار اور رنگا رنگ تقریب میں کیا گیا۔ تقریب کی میزبانی معروف سیاسی و سماجی رہنما ثاقب علی بیگ ایڈووکیٹ نے کی۔ افتتاحی تقریب میں مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ پنجاب بلال اکبر، صوبائی وزیر منشا بٹ، عوامی ایم پی اے راجہ شوکت عزیز بھٹی اور ایم پی اے کہوٹہ راجہ صغیر نے خصوصی شرکت کی اور فیتہ کاٹ کر بس سروس کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر سابق پارلیمانی سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص، سابق چیئرمین بلدیہ شاہد صراف، سید ندیم شاہ، چیئرمین اشتیاق، طیب قریشی اور دیگر لیگی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں شہریوں اور مسلم لیگی کارکنان کی کثیر تعداد نے بھرپور شرکت کرکے اس منصوبے کو سراہا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی بلال اکبر، منشاء بٹ، راجہ شوکت عزیز بھٹی، ایڈووکیٹ ثاقب علی بیگ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا گرین الیکٹرو بس سروس کا افتتاح اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن صرف وعدوں کی سیاست نہیں بلکہ عملی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ پارٹی قیادت نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ جب بھی اسے خدمت کا موقع ملتا ہے تو وہ عوام کو ریلیف، سہولت اور ترقی کے حقیقی منصوبے فراہم کرتی ہے۔ رہنماؤں نے اپنے خطابات میں کہا کہ مسلم لیگ ن کی سیاست کا محور اقتدار نہیں بلکہ عوامی خدمت ہے۔ سڑکیں ہوں، اسپتال ہوں، تعلیمی ادارے ہوں یا جدید ٹرانسپورٹ نظام ہر میدان میں پارٹی نے کارکردگی کی روشن مثالیں قائم کی ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں ترقی کا سفر رکا نہیں بلکہ مزید تیز ہوا ہے، اور گوجرخان میں گرین الیکٹرو بس سروس اسی وژن کی عملی جھلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا، معیشت کو سنبھالا اور عوام کو سہولتیں فراہم کیں۔ آج بھی پارٹی کا عزم ہے کہ پنجاب کے ہر شہر اور قصبے تک جدید سہولیات پہنچائی جائیں گی تاکہ عام آدمی باوقار اور آسان زندگی گزار سکے۔ آخر میں لیگی رہنماؤں نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ عوام کا اعتماد ہی ان کی اصل طاقت ہے، اور وہ خدمت، دیانت اور کارکردگی کی سیاست جاری رکھیں گے۔ تقریب کے اختتام پر شہریوں اور کارکنان نے وزیراعلیٰ پنجاب اور تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گرین الیکٹرو بس سروس گوجرخان کے لیے ترقی کا سنگِ میل ثابت ہوگی اور عوام کو جدید، محفوظ اور باوقار سفری سہولت فراہم کرے گی۔ گوجرخان میں ترقی کا پہیہ چل پڑا اور یہ سفر اب رکے گا نہیں۔
