Baaghi TV

گوجرانوالہ: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بھرپور کارروائیاں، 400 سے زائد فوڈ پوائنٹس چیک، جرمانے اور یونٹس سیل

گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)کھیت سے پلیٹ تک محفوظ خوراک کی فراہمی کے مشن کے تحت ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی گوجرانوالہ کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ضلع بھر میں جارحانہ انداز میں کارروائیاں کیں۔ گزشتہ دو روز کے دوران 400 سے زائد فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی، جس کے دوران 30 فوڈ یونٹس پر مجموعی طور پر 3 لاکھ 58 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ ایک سویٹس شاپ اور واٹر پلانٹ کی پروڈکشن بند کر دی گئی۔

ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائیوں کے دوران 2 من سے زائد ایکسپائر اور ممنوعہ اشیائے خورونوش اور 15 لٹر مضرِ صحت بیوریجز کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ یہ کارروائیاں کلاسکے، ڈی سی روڈ، وزیرآباد، ایمن آباد، قلعہ دیدار سنگھ، نوشہرہ ورکاں سمیت ضلع کے مختلف علاقوں میں کی گئیں۔

مزید بتایا گیا کہ 54 فوڈ پوائنٹس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے تاکہ وہاں موجود خامیوں کو دور کیا جا سکے۔ ناکہ بندیوں کے دوران 235 دودھ بردار گاڑیوں اور 35 ملک شاپس پر موجود تقریباً 57 ہزار لٹر دودھ کا معائنہ بھی کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کلاسکے اڈا میں واقع ایک سویٹس شاپ کے پروڈکشن یونٹ کو سنگین خلاف ورزیوں پر بند کر دیا گیا جبکہ ڈی سی روڈ پر واقع ایک واٹر پلانٹ کو پانی میں سوڈوموناس نامی خطرناک بیکٹیریا کی موجودگی پر سیل کر دیا گیا۔ معائنے کے دوران فوڈ یونٹس کے اسٹوریج ایریاز میں صفائی کے ناقص انتظامات، ملازمین کے میڈیکل و ٹریننگ سرٹیفکیٹس اور لازم ریکارڈ کی عدم موجودگی، جبکہ بدبودار پروسیسنگ ایریاز میں اشیائے خورونوش کو زمین پر رکھنے جیسی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔

ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فوڈ فراڈ مافیا کے خلاف 24/7 کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ممنوعہ اور ایکسپائر اجزاء کا استعمال موذی امراض کا سبب بن سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر عوام کو صحت بخش اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے مشن پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ شہری خوراک میں جعل سازی کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 یا سرکاری فیس بک پیج پر دے سکتے ہیں۔

More posts