کراچی کے گل پلازہ شاپنگ مال میں لگنے والی ہولناک آگ کے بعد لاپتا ہونے والے ایک نوجوان نے اپنے بھائی کو آخری فون کال میں دل دہلا دینے والے الفاظ کہے: “میں مر جاؤں گا، مجھے بچالو۔”
تفصیلات کے مطابق ہفتے کی شب گل پلازہ میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد دکانداروں اور خریداروں سمیت متعدد افراد لاپتا ہو گئے۔ متاثرہ خاندان اپنے پیاروں کی تلاش میں اسپتالوں، ریسکیو مراکز اور جائے حادثہ کے چکر لگا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق اب تک کم از کم 14 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے، کیونکہ کئی افراد تاحال عمارت کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔
لاپتا نوجوان کے بھائی نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آگ لگنے کے بعد اس کا بھائی دکان کے اندر لائٹ جلا بجھا کر سگنل دیتا رہا۔ فون پر بات کے دوران اس نے گھبراہٹ میں کہا: “میں مر جاؤں گا، مجھے بچالو۔”
یہ واقعہ گل پلازہ سانحے کی سنگینی اور وہاں پھنسے افراد کی بے بسی کی دردناک تصویر پیش کرتا ہے، جہاں کئی خاندان اب بھی کسی معجزے کے منتظر ہیں۔
“میں مر جاؤں گا، مجھے بچالو” گل پلازہ سانحہ میں لاپتا نوجوان کی بھائی کو آخری کال
