Baaghi TV


کویت میں آئل ریفائنریوں اور تنصیبات پر حملے


مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے جہاں کویت، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں اہم توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کویت کی مینا الاحمدی آئل ریفائنری پر دو ہفتوں کے دوران تیسری بار ڈرون حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ریفائنری کے مختلف یونٹس میں آگ بھڑک اٹھی۔ یہ ریفائنری خطے کی بڑی تنصیبات میں شمار ہوتی ہے اور کویت کی مقامی مارکیٹ کے لیے بھی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔
‎کویتی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے ڈی سیلینیشن پلانٹ اور بجلی گھر کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس سے بنیادی سہولیات متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
‎اسی دوران متحدہ عرب امارات کے شہر فجیرہ میں قائم آئل پورٹ پر بھی میزائل اور ڈرون حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے باعث پورٹ کی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔
‎اماراتی حکام کے مطابق حبشان گیس فیسلٹی پر ایک ناکارہ ڈرون کا ملبہ گرنے سے آگ بھڑک اٹھی، جس پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کیے گئے۔
‎دوسری جانب سعودی عرب کی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران 6 ڈرونز کو مار گرایا گیا، جو ممکنہ طور پر اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔
‎ان واقعات کے بعد خطے میں سیکیورٹی صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے اور عالمی سطح پر توانائی کی فراہمی پر بھی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

More posts