امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو سے الگ ہونے کی دھمکی دیدی۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمارے اتحادی کاغذی شیر ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلی گراف کو انٹرویو میں کہا کہ امریکا کو نیٹو سے الگ کرنے پر غور کررہا ہوں، ہمارے اتحادی کاغذی شیر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یورپ اب امریکا کا قابل اعتبار دفاعی شراکت دار نہیں رہا۔علاوہ ازیں امریکا اور نیٹو کے تعلقات میں دراڑیں واضح ہونے لگیں۔ امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران جنگ کے بعد نیٹو سے تعلقات پر نظرثانی کرنا ہوگی۔مارکو روبیو نے کہا کہ نیٹو سے تعلق یکطرفہ بن چکا، صرف امریکا یورپ کا دفاع کررہا ہے، ہمیں ضرورت پڑنے پر اپنے اڈے اور فضائی حدود استعمال کرنے نہیں دیتے۔ان کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ ہورہا ہے، بات چیت جاری ہے، کسی مرحلے پر براہ راست ملاقات کا امکان بھی موجود ہے۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران جنگ کے خاتمے کا عندیہ دینے پر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی آگئی۔رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں برطانوی خام تیل کی قیمت 118 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 103 ڈالر پر آگئی۔امریکی خام تیل بھی 3 ڈالر کمی کے ساتھ 101 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہورہا ہے۔
