Baaghi TV

پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی پر حماس کا اظہارِ تشویش اور مذاکرات پر زور

ghaza

‎فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں برادر اسلامی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کریں اور تمام مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کریں۔ حماس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں دونوں ممالک کے لیے افہام و تفہیم کا راستہ اپنانا انتہائی ضروری ہے تاکہ کسی بھی قسم کے بڑے نقصان سے بچا جا سکے اور خطے میں امن قائم رہ سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے عوام کو جوڑنے والے رشتے اور اقدار کسی بھی عارضی اختلاف سے کہیں زیادہ اہم اور پائیدار ہیں، اس لیے فریقین کو چاہیے کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں امن و استحکام کے قیام پر مرکوز رکھیں۔ حماس نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو اپنے قومی مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے اختلافات کو ختم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور خطے کو غیر ضروری تناؤ سے دور رکھا جائے۔
حماس نے اپنے بیان میں ایک اہم جغرافیائی اور سیاسی نکتے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب صیہونی ریاست غزہ میں اپنے مظالم اور جرائم کے بعد عالمی تنہائی سے نکلنے اور نئے اتحاد بنانے کی سر توڑ کوششیں کر رہی ہے، امتِ مسلمہ کو باہمی اتحاد اور یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔ تنظیم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ موجودہ عالمی حالات کا تقاضا ہے کہ اسلامی ممالک آپس میں الجھنے کے بجائے باہمی تعاون کو فروغ دیں تاکہ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے۔

More posts