امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حماس کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیرمسلح نہ ہوئی تو بھاری قیمت چکانا پڑے گی لیکن ہم ایسا نہیں چاہتے، غزہ کی تعمیر نو کا کام جلد شروع ہوگا۔
اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ابراہم معاہدے میں توسیع ممکن ہے، سعودی عرب کسی مرحلے پر اس معاہدے میں شامل ہوجائے گا۔صدر ٹرمپ نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا اگر ایٹمی پروگرام دوبارہ شروع کیا تو فوری کارروائی ہوگی، ساتھ ہی تہران کے ساتھ معاہدے کی خواہش کا اظہار بھی کردیا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران اپنا بیلسٹک میزائل پروگرام جاری رکھتا ہے تو وہ اسرائیل کی طرف سے حملے کی مکمل حمایت کریں گے۔
امریکی صدر نے کہا کہ اسرائیل اور شام کے درمیان سیکیورٹی معاہدہ ممکن ہے، مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیوں سے 100 فیصد متفق نہیں۔اس موقع پر نیتن یاہو نے صدر ٹرمپ کی جانب سے اسرائیل کی مسلسل حمایت کی تعریف کرتے ہوئے اسرائیل کا اعلیٰ ترین ایوارڈ دینے کا اعلان کیا۔
