وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ آنے والے دنوں میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید اوپرجاسکتی ہیں، ہم سب کو مل کر بچت کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل بنانا ہوگا۔
وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ اور وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، علی پرویز ملک کا کہنا تھاکہ خطے میں اس وقت کشیدگی کا سامنا ہے، وزیراعظم نے اپنی پوری ٹیم کو اکٹھا کرکے کفایت شعاری کی، وزیراعظم کی ٹیم کی مراعات میں کٹوتیاں کی گئیں، کفایت شعاری کے باعث اس ہفتے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے آگے بند باندھاگیا، وزیراعظم نے عید کی خوشیوں کومد نظر رکھتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو برقرار رکھا، حکومت اور عوام دونوں کو توانائی کی بچت میں بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا،عوام کو بھی مکمل ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشاورت سے مضبوط نظام قائم کریں گے، حکومت کمزور طبقے کا مضبوط سہارا بننا چاہتی ہے، ہم سب کو مل کر ملک کو اس بحران سے نکالنا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھاکہ عالمی منڈی کے حساب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کیاجاتا ہے، ہمیں ہرحال میں تیل کی بچت کو ممکن بنانا ہے،اس ہفتے جب عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں، وزیراعظم کو تجویز دی گئی کہ پٹرول 77 روپے اور ڈیزل 176 روپے بڑھائے جائیں، مگر وفاقی حکومت نے 69 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی تاکہ عوام پر مزید بوجھ نہ پڑے، اس ہفتے پیٹرول کی قیمت میں 150 اور ڈیزل کی قیمت میں 250روپے اضافہ روکاگیا، آنے والےدنوں میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید اوپرجاسکتی ہیں، ہم سب کو مل کر بچت کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل بنانا ہوگا،وزیر اعظم صاحب نے وقت سے پہلے کمیٹی تشکیل دی اور روزانہ جائزہ اجلاس کرتے رہے، جس کے نتیجے میں پاکستان میں تیل کے ذخائر مناسب مقدار میں موجود رہے۔پاکستان میں دستیاب تیل کی قیمت عالمی منڈی کے مطابق طے کی جاتی ہے۔ بھرپور کوشش کی گئی کہ پہلے 55 روپے کے اضافے کے بعد عوام پر مزید بوجھ نہ پڑے۔
