کراچی میں ہیوی ٹریفک کے باعث ایک اور افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں ایک معصوم بچہ جان کی بازی ہار گیا جبکہ ایک خاتون زخمی ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ شاہ فیصل کالونی میں پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا۔ حادثے کے نتیجے میں بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ خاتون کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا گیا اور مشتعل افراد نے ٹرک ڈرائیور کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کو قابو میں لیتے ہوئے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا جبکہ ٹرک کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں ہیوی ٹریفک کے باعث حادثات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس پر فوری اور سخت اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ قیمتی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔
کراچی میں ہیوی ٹریفک کا ایک اور شکار، بچہ جاں بحق
