گوادر میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 9 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 15 مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ گوادر کے علاقے ہڈ گوٹھ کے قریب پیش آیا، جہاں کراچی سے جیونی جانے والی ایک تیز رفتار مسافر کوچ بے قابو ہو کر الٹ گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کوچ تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی سڑک کنارے الٹ گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کوچ میں سوار متعدد مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ کئی افراد زخمی ہو کر کوچ کے اندر پھنس گئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، لیویز اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ امدادی ٹیموں نے مقامی افراد کی مدد سے زخمیوں کو کوچ سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ جاں بحق افراد کی لاشیں بھی اسپتال منتقل کر دی گئیں، جہاں ضروری قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مسافر کوچ کراچی سے جیونی جا رہی تھی اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر تیز رفتاری اور ممکنہ طور پر ڈرائیور کی غفلت کو حادثے کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم تکنیکی خرابی کے پہلو کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے۔
