اسپین میں ایک ہائی اسپیڈ ٹرین پٹری سے اترنے کے بعد مخالف سمت سے آنے والی ٹرین سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 39 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق حادثہ اسپین کے جنوبی علاقے کے قریب پیش آیا۔ ایک تیز رفتار ٹرین پٹری سے اتر گئی اور مخالف سمت سے آنے والی ٹرین سے ٹکرانے کے بعد دوسری ٹرین بھی پٹری سے اتر گئی۔ حادثے میں دونوں ٹرینوں کو شدید نقصان پہنچا۔
حادثے میں ٹرین کے ڈرائیور سمیت متعدد مسافر ہلاک ہوئے۔ بدقسمت ٹرین میڈرڈ سے ہیولوا جا رہی تھی، اور حادثے کے وقت ایک ٹرین میں 300 سے زائد جبکہ دوسری میں تقریباً 100 مسافر سوار تھے۔
حادثہ اتوار کی سہ پہر پیش آیا اور ہسپانوی پولیس کے مطابق کم از کم 39 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ امدادی کارروائیاں پیر کی صبح بھی جاری رہیں، اور ہسپانوی ریڈ کراس نے اداموز قصبے میں امدادی مرکز قائم کیا تاکہ متاثرہ افراد اور ان کے اہلِ خانہ کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
اسپین کے سول گارڈ اور سول ڈیفنس کے اہلکار رات بھر امدادی کاموں میں مصروف رہے۔ ہسپانوی ریلوے انفراسٹرکچر آپریٹر نے میڈرڈ اور اندلس کے درمیان تمام ٹرین سروسز کو اگلے نوٹس تک معطل کر دیا ہے۔
ہائی اسپیڈ ٹرین کا ٹکراؤ، 39 ہلاک , 100 سے زائد زخمی
