ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق دارالحکومت تہران کو مغربی شہر کرج سے ملانے والے ایک اہم ہائی وے پل کو امریکی اور اسرائیلی فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حملے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ ریسکیو اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ کر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
فارس نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ متاثرہ پل بی ون کے نام سے جانا جاتا ہے اور اسے مشرقِ وسطیٰ کے بلند ترین پلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس پل کا افتتاح رواں سال کے آغاز میں کیا گیا تھا اور یہ تہران اور کرج کے درمیان اہم ٹریفک رابطہ فراہم کرتا تھا۔
رپورٹس کے مطابق حملے کے بعد پل کے کچھ حصوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کے باعث ٹریفک کا نظام متاثر ہوا اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ذرائع کے مطابق کرج کے دیگر علاقوں میں بھی فضائی حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں تاہم ان کی مکمل تفصیلات ابھی سامنے نہیں آ سکیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت کے بارے میں مزید معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔حملے کے بعد متعلقہ ادارے نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں اور بحالی کے اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے۔
تہران کرج ہائی وے پل پر حملہ، متعدد افراد زخمی
