بالی ووڈ کی تاریخ میں کئی ایسی آن اسکرین جوڑیاں رہی ہیں جنہوں نے اپنی کیمسٹری سے ناظرین کے دل جیتے، لیکن کچھ جوڑیاں وقت کے ساتھ اچانک غائب بھی ہو گئیں۔ انہی میں ایک نام ریتک روشن اور کرینہ کپور کا بھی شامل ہے، جو 2000 کی دہائی کے آغاز میں انڈسٹری کی سب سے گلیمرس اور مقبول جوڑی سمجھی جاتی تھی۔
دونوں اداکاروں نے اپنے کیریئر کا آغاز تقریباً ایک ہی وقت میں کیا۔ کہوناں پیار ہے سے ریتک روشن نے ڈیبیو کیا، جبکہ کرینہ کپور نے ریفیوجی کے ذریعے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ ابتدائی کامیابی کے بعد فلمسازوں کو لگا کہ یہ جوڑی مستقبل میں راجہ کپور اور نرگس یا امیتابھ بچن اور ریکھا جیسی لیجنڈری جوڑی بن سکتی ہے۔ریتک اور کرینہ نے ایک ساتھ ، مجھ سے دوستی کرو گے، یادیں، کبھی خوشی کبھی غم، میںپریم کی دیوانی ہوں میں کام کیا۔ ان میں سے صرف “کبھی خوشی کبھی غم” ہی بڑی کامیابی ثابت ہوئی، جبکہ باقی فلمیں باکس آفس پر توقعات پوری نہ کر سکیں۔ خاص طور پر “میں پریم کی دیوانی ہوں” میں دونوں کی اداکاری کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
فلمی ماہرین کے مطابق مسلسل فلاپس کے باعث پروڈیوسرز نے اس جوڑی کو کاسٹ کرنے سے گریز کرنا شروع کر دیا، جس سے دونوں کے ساتھ کام کرنے کے امکانات کم ہوتے گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم “یادیں” اور “کبھی خوشی کبھی غم” کی شوٹنگ کے دوران دونوں کے درمیان قربت کی افواہیں گردش کرنے لگیں۔ اس وقت ریتک روشن اپنی اہلیہ سوزین خان کے ساتھ شادی شدہ زندگی گزار رہے تھے، جس کے باعث یہ خبریں ان کی ذاتی زندگی پر اثر انداز ہوئیں۔
کہا جاتا ہے کہ اپنے ازدواجی رشتے کو بچانے کے لیے ریتک نے پیشہ ورانہ طور پر فاصلے اختیار کرنا بہتر سمجھا۔ دوسری جانب کرینہ کپور نے بھی ایک انٹرویو میں ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے سخت ردعمل دیا تھا۔
2013-14 کے دوران کرن جوہر نے اپنی فلم شدھی میں اس جوڑی کو دوبارہ اکٹھا کرنے کا اعلان کیا، جس پر مداحوں میں زبردست جوش و خروش پیدا ہوا۔ تاہم، کچھ ہی عرصے بعد دونوں اداکار اس منصوبے سے الگ ہو گئے، اور یوں ان کی اسکرین پر واپسی کی امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔
2003 کے بعد کرینہ کپور نے جب وی میٹ، تھری ایڈیٹس اور “گول مال” سیریز جیسی بلاک بسٹر فلموں کے ذریعے اپنی پوزیشن مستحکم کی۔ دوسری جانب ریتک روشن نے کوئی مل گیا اور دھوم کے ذریعے ایکشن ہیرو کے طور پر اپنی پہچان بنائی۔
فلمی ناکامیوں، ذاتی زندگی کے دباؤ اور بدلتے کیریئر راستوں نے مل کر اس مقبول جوڑی کو ہمیشہ کے لیے الگ کر دیا۔ اگرچہ مداح آج بھی ریتک روشن اور کرینہ کپور کو دوبارہ ایک ساتھ دیکھنے کے خواہشمند ہیں، لیکن موجودہ حالات میں ایسا ہونا مشکل دکھائی دیتا ہے۔
