انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی کوریج کے لیے بنگلا دیشی صحافیوں کو ایکریڈیشن دینے سے انکار کر دیا ہے، جس پر بنگلا دیش میں صحافتی حلقوں میں شدید تشویش اور غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
بنگلا دیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا اور بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میچز کے لیے بنگلا دیش کے کسی بھی صحافی کو ایکریڈیشن جاری نہیں کی گئی۔ رپورٹس میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ متعدد صحافیوں کی ایکریڈیشن پہلے منظور کی گئی تھی، تاہم بعد ازاں اچانک منسوخ کر دی گئی۔ایک بنگلا دیشی صحافی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں 20 تاریخ کو ایکریڈیشن کی منظوری سے متعلق تصدیقی ای میل موصول ہوئی تھی، مگر کچھ ہی عرصے بعد ایک اور ای میل کے ذریعے ایکریڈیشن مسترد کیے جانے کی اطلاع دے دی گئی، جس پر صحافتی برادری میں شدید حیرت پائی جاتی ہے۔بنگلا دیش کے ایک سینئر صحافی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی روایت رہی ہے کہ اگر کسی ملک کی ٹیم کسی ایونٹ میں شریک نہ بھی ہو، تب بھی ایسوسی ایٹ ممبرز کے صحافیوں کو کوریج کے لیے ایکریڈیشن دی جاتی ہے، مگر اس بار اس اصول کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔
بنگلا دیش کے اسپورٹس صحافیوں کی مختلف تنظیموں نے اس معاملے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے جلد آئندہ کے لائحہ عمل کے اعلان کا فیصلہ کیا ہے۔ صحافتی تنظیموں کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے اب تک ایکریڈیشن نہ دینے کی کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی، جو اس تنازع کو مزید سنگین بنا رہی ہے۔
دوسری جانب بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کی میڈیا کمیٹی کے چیئرمین امزاد حسین نے بنگلا دیشی صحافیوں کو ایکریڈیشن نہ ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 130 سے 150 بنگلا دیشی صحافیوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی کوریج کے لیے ایکریڈیشن کے لیے درخواستیں جمع کرائی تھیں۔امزاد حسین کے مطابق ان کی معلومات کے مطابق بنگلا دیش کے تمام صحافیوں کی درخواستیں مسترد کر دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے تاحال بنگلا دیشی صحافیوں کو ایکریڈیشن نہ دینے کے حوالے سے کوئی سرکاری مؤقف یا وضاحت جاری نہیں کی گئی، جس کے باعث شکوک و شبہات اور تحفظات میں اضافہ ہو رہا ہے۔تاہم دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی میڈیا ڈیپارٹمنٹ نے صحافیوں کی نمائندہ تنظیم سے کوریج کے خواہشمند صحافیوں کی فہرست طلب کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق بنگلا دیشی صحافیوں کی ایکریڈیشن کا عمل دوبارہ شروع کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ بنگلا دیشی صحافیوں نے ابتدا میں بھارت میں ہونے والے تمام میچز کی کوریج کے لیے درخواست دی تھی، جبکہ اب امکان ہے کہ سری لنکا میں منعقد ہونے والے میچز کے لیے بنگلا دیشی صحافیوں کو ایکریڈیشن جاری کر دی جائے گی۔
