Baaghi TV

آئی سی سی نے بنگلہ دیش سے بھارت میں سیکیورٹی خدشات پر وضاحت طلب کر لی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) سے بھارت میں سیکیورٹی خدشات کی مکمل تفصیلات مانگ لی ہیں۔

ذرائع بی سی بی کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے گزشتہ رات ایک باضابطہ ای میل موصول ہوئی، جس میں بنگلہ دیشی ٹیم کو بھارت میں درپیش ممکنہ سیکیورٹی خطرات کی نوعیت، شدت اور پس منظر سے متعلق وضاحت طلب کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے خاص طور پر یہ جاننا چاہا ہے کہ بنگلہ دیش کو کن حالات اور وجوہات کی بنیاد پر سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں اور آیا یہ خدشات کھلاڑیوں، آفیشلز یا ٹیم انتظامیہ کے لیے براہِ راست خطرے کی صورت اختیار کر سکتے ہیں۔ بی سی بی حکام کے مطابق بورڈ آج آئی سی سی کو بھارت میں سیکیورٹی صورتحال سے متعلق تفصیلی اور تحریری جواب ارسال کرے گا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اس معاملے پر داخلی مشاورت مکمل کر لی ہے اور جواب میں حالیہ واقعات، موصول ہونے والی دھمکیوں اور سیکیورٹی اداروں کی رپورٹس کو شامل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق بی سی بی اس بات پر زور دے گا کہ کھلاڑیوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور کسی بھی بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت سے قبل مکمل سیکیورٹی یقین دہانی ناگزیر ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں بھارتی انتہاء پسند گروہوں کی جانب سے دھمکیوں کے بعد بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے نکال دیا گیا تھا، جس پر بنگلہ دیش میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ اسی تناظر میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم بھارت بھیجنے سے انکار کر دیا تھا۔کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت کے بعد آئی سی سی کو میزبان ملک کی سیکیورٹی ذمہ داریوں پر سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا، جبکہ بنگلہ دیش کی جانب سے دیے جانے والے جواب کی روشنی میں آئندہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

More posts