پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اڈیالہ جیل میں اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کرادی گئی، جو جیل مینوئل کے تحت معمول کے مطابق منگل کے روز منعقد ہوئی۔
جیل ذرائع کے مطابق ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں ہوئی۔ اس سے قبل بشریٰ بی بی نے جیل آمد پر اپنی فیملی کے افراد سے بھی ملاقات کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی نے عمران خان کی متاثرہ آنکھ کی صحت اور گزشتہ روز ہونے والے طبی پروسیجر سے متعلق تفصیلات دریافت کیں۔ عمران خان کا حال ہی میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں آنکھوں کا دوسرا طبی معائنہ بھی کیا گیا تھا جہاں انہیں انجیکشن کی دوسری خوراک دی گئی۔
اس سے پہلے اڈیالہ جیل میں بشریٰ بی بی کی ان کے اہلِ خانہ سے بھی ملاقات کرائی گئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کرنے والوں میں ان کی بھابی اور بھتیجا شامل تھے، جبکہ گفتگو میں خاندانی معاملات اور عمران خان کے علاج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جیل حکام کے مطابق تمام ملاقاتیں مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق کرائی گئیں۔
جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات، آنکھ کے علاج سے متعلق گفتگو
