Baaghi TV

بھارت میں بہو سے گردہ یا 30 لاکھ جہیز کا مطالبہ

‎بھارت کی ریاست اترپردیش کے شہر کانپور میں ایک حیران کن اور افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں سسرال والوں نے بہو سے اپنے شوہر کے لیے گردہ یا 30 لاکھ روپے بطور جہیز دینے کا مطالبہ کر دیا۔ اس غیر معمولی اور سنگین مطالبے نے معاشرے میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
‎بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ اس کی شادی 22 جون 2025 کو لکھنؤ کے رہائشی نشانت کمار سے ہوئی تھی۔ شادی کے وقت خاتون کے اہل خانہ نے 8 لاکھ روپے نقد، زیورات اور ایک گاڑی بطور جہیز دی، مگر اس کے باوجود سسرال والوں کے مطالبات ختم نہ ہوئے۔
‎خاتون کے مطابق شادی سے قبل اسے یہ نہیں بتایا گیا کہ اس کے شوہر کے دونوں گردے ناکارہ ہو چکے ہیں۔ شادی کے بعد جب اسے حقیقت کا علم ہوا تو صورتحال مزید خراب ہوگئی۔ اس نے بتایا کہ اس کا شوہر روزانہ کئی اقسام کی ادویات استعمال کرتا تھا اور گھر کا ماحول بھی اس کے لیے سازگار نہیں تھا۔
‎مزید انکشاف کرتے ہوئے خاتون نے کہا کہ اس کے شوہر کے کسی دوسری عورت کے ساتھ تعلقات بھی تھے، جن سے سسرال والے باخبر تھے۔ اس کے علاوہ سسرال والوں کا رویہ سخت اور مداخلت پر مبنی تھا، جس سے اس کی زندگی مزید مشکلات کا شکار ہوگئی۔
‎پولیس کے مطابق سسرال والوں نے خاتون پر دباؤ ڈالا کہ وہ شوہر کے علاج کے لیے اپنا گردہ عطیہ کرے یا پھر 30 لاکھ روپے کا بندوبست کرے۔ ان مطالبات سے تنگ آ کر خاتون اپنا سسرال چھوڑ کر واپس اپنے گھر چلی گئی۔
‎خاتون نے یہ بھی الزام لگایا کہ سسرال والوں نے اس کے زیورات اور دیگر قیمتی تحائف بھی واپس نہیں کیے۔ پولیس نے خاتون کی شکایت پر شوہر نشانت کمار اور اس کے اہل خانہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
‎یہ واقعہ ایک بار پھر بھارت میں جہیز جیسے سنگین سماجی مسئلے کو اجاگر کرتا ہے، جہاں لالچ اور ظلم کی انتہا انسانی اقدار کو پامال کر رہی ہے۔

More posts