بالی ووڈ کے معروف فلم ساز وکرم بھٹ کو ان کی اہلیہ شویتا مبری بھٹ سمیت بڑے مالیاتی فراڈ کے الزام میں پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔
ان کی گرفتاری گزشتہ روز ممبئی میں عمل میں آئی، جس کے بعد انہیں عدالت میں پیش کرکے 9 دسمبر تک کا ٹرانزٹ ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اُدے پور پولیس کی خصوصی ٹیم کئی ہفتوں سے اس مالیاتی فراڈ کیس کی تفتیش کر رہی تھی۔ دونوں میاں بیوی کی گرفتاری ممبئی کے ایک مقام سے عمل میں آئی، جس کے فوراً بعد انہیں عدالت میں پیش کیا گیا۔مقدمے کے مطابق وکرم بھٹ، ان کی اہلیہ اور 6 دیگر افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے ڈاکٹر انڈیرا گروپ آف کمپنیز کے بانی اجے مردیا کو تقریباً 30 کروڑ روپے کے مبینہ فراڈ کا نشانہ بنایا۔
شکایت کنندہ اجے مردیا کا کہنا ہے کہ ان سے ان کی مرحومہ اہلیہ کی زندگی پر مبنی بائیوپک بنانے کے نام پر رقم لی گئی۔مزید دیگر فلموں کی تیاری کا لالچ بھی دیا گیا، جن پر بھاری منافع کے وعدے کیے گئے۔مگر نہ منصوبے مکمل کیے گئے، نہ رقم واپس کی گئی۔پولیس کے مطابق مئی 2024 میں مردیا اور بھٹ خاندان کے درمیان چار فلموں کی تیاری کا معاہدہ ہوا تھا، جس کی مجموعی مالیت 47 کروڑ روپے رکھی گئی تھی۔
ابتدائی دو پروجیکٹس کے مکمل ہونے کا دعویٰ کیا گیا،مگر باقی فلمیں کبھی تیار نہیں ہوئیں،تفتیشی حکام کے مطابق جعلی وینڈرز کے نام پر فرضی بلز تیار کیے گئے،اخراجات کو بڑھا چڑھا کر دکھانے کے لیے غیر حقیقی دستاویزات جمع کرائی گئیں،اس طریقۂ کار سے مردیا کو تقریباً 30 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا
گرفتاری کے بعد عدالت میں پیشی کے دوران وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس نے بغیر مناسب قانونی طریقۂ کار کے گرفتاری کی،ملزمان پر دباؤ ڈال کر خالی تاریخ اور وقت کے بغیر ایک کاغذ پر دستخط کروائے گئے،راجستھان لے جا کر تشدد کی دھمکی بھی دی گئی،دونوں جانب کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے وکرم بھٹ اور ان کی اہلیہ کا ٹرانزٹ ریمانڈ 9 دسمبر تک منظور کرلیا ہے، جس کے بعد انہیں راجستھان منتقل کیا جائے گا جہاں کیس کی مکمل تفتیش جاری ہے۔
