Baaghi TV

ان ہاؤس تبدیلی اور مائنس ون کی باتوں پر اعظم سواتی نے ایسا جواب دیا کہ سب حیران رہ گئے

ان ہاؤس تبدیلی اور مائنس ون کی باتوں پر اعظم سواتی نے ایسا جواب دیا کہ سب حیران رہ گئے
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان ہاﺅس تبدیلی اور مائنس ون کی باتیں بے بنیاد ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی موثر اور جامع پالیسیوں کی بدولت ملک معاشی طور پر مستحکم اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے، عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے اور حکومت اپنی آئینی مدت پورے کرے گی۔

اعظم سواتی نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے نام پر ابھی اتفاق نہیں ہوا، امید ہے کہ بدھ کو اجلاس میں نام حتمی ہو جائے گا۔ قانون سازی سمیت دیگر معاملات میں حکومت اور اپوزیشن کو مل کر آگے بڑھنا ہو گا کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ مثبت عوامل کے تحت جمہوریت چلے گی۔ وزیر اعظم عمران خان قوم سے کئے ہوئے وعدے پورے کر رہے ہیں، ان کی متحرک قیادت میں کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے میں کمی آئی ہے، سٹاک مارکیٹ اوپر جا رہی ہے اور عالمی ادارے بھی اعتراف کر رہے ہیں اسلئے اپوزیشن کو مزید چار سال تک عمران خان کو ہی برداشت کرنا پڑے گا۔

اعظم سواتی کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت ریفارمز کا ایجنڈا لیکر آئی ہے، گورننس کو بہتری کی طرف لیکر جا رہے ہیں، ہم عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ حکومت نے زرعی شعبے کے لئے 100 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے جو حکومتی مداخلت کے بغیر اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہا ہے، ہم ملک میں سب کیلئے بلاتفریق احتساب چاہتے ہیں، پی ٹی آئی سمیت کسی جماعت کا کوئی رکن قانون سے بالاتر نہیں، قانون سب کے لئے برابر ہے ۔

More posts