ایرانی فوج کے عسکری ڈھانچے میں ایک ہزار اسٹریٹجک ڈرونز شامل کر لیے گئے ہیں، جس سے بری فوج کی عملی اور دفاعی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق یہ اقدام فوج کے کمانڈر میجر جنرل امیر حاتمی کے حکم پر کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ ڈرونز ایرانی ماہرین نے وزارتِ دفاع کے تعاون سے تیار کیے ہیں۔ ان کی تیاری ابھرتے ہوئے سیکیورٹی خدشات اور جون 2025 میں ہونے والی 12 روزہ جنگ سے حاصل ہونے والے تجربات کی بنیاد پر کی گئی۔
یہ بغیر پائلٹ طیارے حملہ آور کارروائیوں، نگرانی اور الیکٹرانک وارفیئر کی صلاحیت رکھتے ہیں اور زمینی، بحری اور فضائی حدود میں موجود متحرک اور غیر متحرک اہداف کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔
اس موقع پر میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ مستقبل کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر اسٹریٹجک برتری کو برقرار رکھنا اور مزید مضبوط بنانا فوج کی مستقل ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات کا مقصد تیز رفتار جنگی تیاری اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں مؤثر اور بھرپور جواب دینا ہے۔
ایرانی فوج میں ایک ہزار اسٹریٹجک ڈرونز شامل، جنگی صلاحیت میں نمایاں اضافہ
