ایرانی میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے دو امریکی C-130 ٹرانسپورٹ طیارے مار گرائے ہیں، جسے جاری کشیدگی میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقات عامہ نے بیان میں کہا کہ یہ کارروائی کامیابی سے انجام دی گئی اور اسے امریکا کے لیے ایک بڑی شکست قرار دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ہر C-130 طیارہ 50 سے زائد افراد کو لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے، تاہم ان طیاروں میں موجود افراد سے متعلق کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
ایرانی حکام کے مطابق یہ اقدام خطے میں جاری تنازع کے تناظر میں کیا گیا، جبکہ اس حوالے سے مزید معلومات سامنے آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب امریکی حکام کی جانب سے اس دعوے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جس کے باعث صورتحال مزید غیر واضح ہو گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق ایسے دعوؤں کی آزادانہ تصدیق مشکل ہوتی ہے، تاہم یہ پیش رفت خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بیانیہ جنگ کی عکاسی کرتی ہے۔
ایران کا دعویٰ، دو امریکی C-130 طیارے مار گرائے گئے
