تہران: ایران نے اپنے بیلسٹک میزائل پروگرام اور جوہری سرگرمیوں کے حوالے سے امریکی الزامات کو بلا بنیاد قرار دیتے ہوئے شدید رد عمل ظاہر کیا ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ امریکی دعوے محض بڑے جھوٹ ہیں اور ان میں کوئی حقیقت نہیں۔ انہوں نے جنوری میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد سے متعلق امریکی الزامات کو بھی رد کیا اور کہا کہ یہ دعوے حقیقت سے عاری ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا تھا کہ ایران کے میزائل یورپی ممالک اور خطے میں امریکی اڈوں کے لیے خطرہ ہیں اور ایران ایسے میزائل تیار کر رہا ہے جو جلد ہی امریکا تک پہنچ سکتے ہیں۔ ایران نے اس بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا۔
ایران نے میزائل پروگرام سے متعلق امریکی الزامات کو جھوٹ قرار دے دیا
