Baaghi TV

ایران کے ساتھ امن معاہدے کیلئے پر اُمید ہوں،ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ امن معاہدے کیلئے پر اُمید ہوں، ایرانی رہنماء بہت معقول لوگ ہیں، لبنان پر اسرائیلی حملوں میں کمی آئی ہے۔

ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے فون کرکے لبنان پر حملوں میں کمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔امریکی صدر نے ایک اور پیغام میں لکھا کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ٹینکرز سے فیس وصولی کی اطلاعات ہیں، اگر ایران ایسا کررہا ہے تو اسے روکنا ہوگا، جو ہورہا ہے وہ معاہدے کے مطابق نہیں۔ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ یا اس کے بغیر آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل جلد شروع ہوگی۔

دوسری جانب ایرانی نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے ایرانی میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی بحری جہازبھی آبنائے ہرمز سے گزر سکتے ہیں اگر وہ دشمنی پر مبنی طرزِ عمل اختیارنہ کریں،سعید خطیب زادہ نے کہا کہ آبنائے ہرمزکھلی ہوئی ہے، تکنیکی وجوہات کی بنا پر ایرانی افواج کے ساتھ رابطہ رکھنا ضروری ہے، آبنائے ہرمز سے محفوظ راستوں کے ذریعے سفر کو یقینی بنائیں گے۔

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹامر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بحال کرنے پر بات چیت کی گئی،برطانوی وزیراعظم کے دفتر (ڈاؤننگ اسٹریٹ) کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی بلا رکاوٹ آمدورفت کے لیےعملی منصوبہ تیار کیا جائے،برطانوی وزیراعظم اس وقت خلیجی ممالک کے دورے پر ہیں، جہاں وہ قطر، سعودی عرب، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں،اس سے قبل بھی برطانوی وزیراعظم نے کہا تھا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر کسی قسم کا ٹول یا فیس قابل قبول نہیں ہوگی۔

More posts