Baaghi TV


ایران مکمل الرٹ، دشمن کی کسی بھی کارروائی پر سخت ردعمل کا انتباہ

army

‎ایران کی مسلح افواج نے دشمنوں کی ممکنہ کارروائیوں کے پیش نظر مکمل الرٹ رہنے کا اعلان کرتے ہوئے سخت ردعمل کی وارننگ دے دی ہے۔ ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق خاتم الانبیا ﷺ مرکزی ہیڈکوارٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور صہیونی قوتوں کی ماضی کی وعدہ خلافیوں کے باعث ایران کسی بھی صورتحال کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
‎بیان میں کہا گیا کہ ایرانی مسلح افواج ہر وقت کارروائی کے لیے تیار ہیں اور کسی بھی جارحانہ اقدام کو بغیر جواب دیے نہیں چھوڑا جائے گا۔ حکام کے مطابق خطے میں جاری کشیدگی کے پیش نظر دفاعی تیاریوں کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
‎ایرانی فوجی قیادت نے اس بات کا بھی عندیہ دیا کہ آبنائے ہرمز کے انتظام کو ایک نئے مرحلے میں داخل کیا جائے گا، جہاں ایران اپنی برتری برقرار رکھنے کے لیے مزید اقدامات کرے گا۔ ماہرین کے مطابق اس بیان کو عالمی سطح پر ایک اہم پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، خاص طور پر اس لیے کہ آبنائے ہرمز عالمی توانائی سپلائی کا ایک اہم مرکز ہے۔
‎بیان میں واضح طور پر خبردار کیا گیا کہ اگر حزب اللہ اور لبنان کے عوام، خصوصاً ضاحیہ کے علاقوں پر حملے جاری رہے تو ایران کی جانب سے سخت اور تکلیف دہ ردعمل سامنے آ سکتا ہے۔ اس بیان سے خطے میں مزید کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
‎تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کی جانب سے یہ سخت مؤقف اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ وہ اپنے اتحادیوں کے دفاع کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے، جس کے اثرات پورے مشرق وسطیٰ پر مرتب ہو سکتے ہیں۔

More posts