Baaghi TV

فیفا ورلڈ کپ 2026: ٹرمپ حکومت نے ایرانی شائقین کے میچ ٹکٹس منسوخ کر دیے

‎فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے قبل ایران اور امریکا کے درمیان ایک نیا تنازع سامنے آ گیا ہے۔ ایرانی حکومت نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا نے ایرانی شائقین کے لیے مختص ورلڈ کپ ٹکٹس منسوخ کر کے کھیلوں کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی ہے۔
‎رپورٹس کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 2026، جو 11 جون سے امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں شروع ہو رہا ہے، میں ایران کی قومی ٹیم بھی شریک ہے۔ ایران کے گروپ مرحلے کے تمام میچز امریکا میں شیڈول ہیں۔
‎ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ پہلے ایرانی ٹیم کے قیام سے متعلق مسائل پیدا کیے گئے اور اب ایرانی شائقین کے لیے مختص ٹکٹس منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق تہران نے اس اقدام پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے امتیازی اور غیر منصفانہ قرار دیا ہے۔
‎ایرانی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ فیفا اور ورلڈ کپ انتظامیہ پر لازم ہے کہ تمام ممالک کے شائقین کو برابر مواقع فراہم کریں۔ وزارت خارجہ کے مطابق کسی بھی ملک کے شہریوں کو سیاسی بنیادوں پر کھیلوں کے عالمی ایونٹ سے دور رکھنا فیفا کے اصولوں اور بین الاقوامی کھیلوں کی روح کے منافی ہے۔
‎ایران نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کھیلوں کو سیاسی تنازعات سے الگ رکھا جانا چاہیے اور شائقین کو اپنی قومی ٹیم کی حمایت کا حق حاصل ہے۔ حکام کے مطابق اگر ٹکٹس کی بحالی نہ کی گئی تو یہ اقدام کھیلوں میں غیر جانبداری کے اصول پر سوالیہ نشان بن سکتا ہے۔
‎دوسری جانب ایرانی فٹبال فیڈریشن نے بھی معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فیفا سے فوری مداخلت کی درخواست کی ہے۔ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ایرانی شائقین کے حقوق کا تحفظ کیا جانا چاہیے اور انہیں ورلڈ کپ کے میچز دیکھنے سے محروم نہیں کیا جانا چاہیے۔
‎تاحال فیفا یا امریکی حکام کی جانب سے ان الزامات پر باضابطہ اور تفصیلی ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم یہ معاملہ ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل بین الاقوامی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

More posts