Baaghi TV


ایران جنگ سے کھاد کی سپلائی متاثر، عالمی غذائی بحران کا خدشہ

‎دنیا کی بڑی کھاد بنانے والی کمپنی کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ ایران میں جاری جنگ کے باعث کھاد اور اس کے اہم اجزا کی ترسیل متاثر ہو رہی ہے، جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر خوراک کی قلت کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ یارا کمپنی کے چیف ایگزیکٹو سوین ٹورے ہولسیتر نے کہا کہ یہ صورتحال عالمی زرعی پیداوار پر براہ راست اثر ڈال سکتی ہے۔
‎انہوں نے بتایا کہ خلیجی خطے میں کشیدگی اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی مشکلات کے باعث کھاد کی سپلائی چین متاثر ہو رہی ہے۔ اس کے نتیجے میں کسانوں کو کھاد کم دستیاب ہو رہی ہے، جس سے فصلوں کی پیداوار میں نمایاں کمی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
‎سوین ٹورے ہولسیتر کے مطابق اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو ہر ہفتے عالمی سطح پر اتنی خوراک کی کمی ہو سکتی ہے جو تقریباً دس ارب افراد کے ایک وقت کے کھانے کے برابر ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کھاد کے کم استعمال سے زرعی پیداوار میں کمی آئے گی اور ممالک کے درمیان خوراک کے حصول کے لیے مقابلہ بڑھ سکتا ہے۔
‎انہوں نے مزید کہا کہ اس بحران کا سب سے زیادہ اثر غریب ممالک پر پڑے گا، جہاں پہلے ہی غذائی عدم تحفظ کا مسئلہ موجود ہے۔ ایسے ممالک میں خوراک کی قیمتیں بڑھنے سے عوام کے لیے حالات مزید مشکل ہو سکتے ہیں۔
‎یارا کمپنی کے سربراہ نے یورپی ممالک سے اپیل کی کہ وہ اس ممکنہ بحران کو سنجیدگی سے لیں اور ایسی پالیسیاں اپنائیں جو عالمی سطح پر غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوں۔

More posts