Baaghi TV

امریکی فوجیوں کے قیام گاہیں بھی نشانے پر، ایران کا سخت اعلان

‎ایرانی مسلح افواج کے ترجمان ابوالفضل شکارچی نے ایک سخت بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں جہاں کہیں بھی امریکی فوجی موجود ہوں گے، ان مقامات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس میں وہ ہوٹل بھی شامل ہو سکتے ہیں جہاں امریکی اہلکار قیام پذیر ہوں، جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ ایران اپنی جوابی حکمت عملی کو مزید وسیع کرنے پر غور کر رہا ہے۔
‎انہوں نے مزید کہا کہ ایران کسی صورت خاموش نہیں بیٹھے گا اور اگر امریکا کی جانب سے حملے یا دباؤ جاری رہا تو ایران کے پاس جواب دینے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق ایران اپنے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور جہاں بھی امریکی موجود ہوں گے، وہاں کارروائی کی جا سکتی ہے، جس سے خطے میں مزید کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ہے۔
‎دوسری جانب ایران کے صوبہ اصفہان میں حساس معلومات لیک کرنے کے الزام میں 15 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ گرفتاریاں ایسے وقت میں عمل میں آئی ہیں جب ملک میں سیکیورٹی خدشات بڑھ رہے ہیں اور حکام اندرونی سطح پر سخت نگرانی کر رہے ہیں۔
‎ایرانی میڈیا کے مطابق گرفتار افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے فوجی تنصیبات کی لوکیشنز، حملوں سے ہونے والے نقصانات کی تصاویر اور دیگر حساس معلومات بیرونی ذرائع تک پہنچائیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ معلومات دشمن کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی تھیں، اس لیے اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔
‎یہ تمام بیانات اور اقدامات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی عروج پر ہے، اور ماہرین کے مطابق اگر صورتحال یہی رہی تو آنے والے دنوں میں تنازع مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔

More posts