کویت پیٹرولیم کارپوریشن کے مطابق ایرانی ڈرون حملوں میں اس کی متعدد اہم تیل تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں مختلف مقامات پر آگ بھڑک اٹھی اور بڑے پیمانے پر نقصان کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
کویتی حکام کے مطابق حملوں کے بعد متاثرہ مقامات پر فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور فائر بریگیڈ کا عملہ آگ پر قابو پانے اور اس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے۔
ایکس پر جاری بیان میں حکام نے کہا کہ جن تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے ان کی تفصیلات فی الحال ظاہر نہیں کی جا رہیں، تاہم صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے ان حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم مالی اور صنعتی نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب خلیجی خطے میں کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اور اس سے قبل بحرین سمیت دیگر علاقوں میں بھی توانائی اور پیٹروکیمیکل تنصیبات کو نشانہ بنانے کی اطلاعات سامنے آ چکی ہیں۔
ماہرین کے مطابق توانائی کے شعبے پر ایسے حملے عالمی منڈیوں اور تیل کی سپلائی کو بھی متاثر کر سکتے ہیں، جس کے اثرات عالمی معیشت پر پڑنے کا خدشہ ہے۔
ایرانی ڈرون حملے، کویت کی تیل تنصیبات میں آگ بھڑک اٹھی
