Baaghi TV

امریکہ و اسرائیل کا ایران پر حملہ،ایران کے جوابی حملے،مختلف ممالک میں ہلاکتوں کے اعدادوشمار

مشرقِ وسطیٰ میں جاری ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان شدید کشیدگی نے خطے کو ایک بڑے انسانی بحران کی طرف دھکیل دیا ہے۔ امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد مختلف ممالک میں ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،

امریکہ میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس ایکٹوسٹس نیوز ایجنسی کے مطابق ہفتے کے روز سے شروع ہونے والے امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد ایران میں اب تک ایک ہزار سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں۔ دوسری جانب ایران کی جوابی کارروائیوں میں بھی متعدد ممالک متاثر ہوئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ایران میں کم از کم 1,097 شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق مرنے والوں میں 168 بچے اور 14 اساتذہ بھی شامل ہیں، جو ہفتے کے روز ایک امریکی،اسرائیلی حملے میں ایک گرلز پرائمری اسکول پر بمباری کے دوران جان سے گئے۔ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں کو نشانہ بنانے سے ہلاکتوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد ہزاروں میں بتائی جا رہی ہے۔

لبنان میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کم از کم 74 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق بدھ تک یہ تعداد سامنے آئی ہے۔عالمی ادارہ صحت کے مقامی نمائندے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں تین پیرا میڈکس بھی شامل ہیں، جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

کویت میں ایرانی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق ان میں چھ امریکی فوجی اہلکار شامل ہیں، جبکہ کویتی فوج نے دو مقامی سروس ممبران کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

اسرائیل میں ہفتے سے جاری حملوں کے دوران کم از کم 10 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی ہنگامی سروس ے مطابق مختلف شہروں میں میزائل حملوں کے نتیجے میں شہری املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

عراق کے صوبہ دیالی میں امریکی اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم چار پاپولر موبلائزیشن فورس کے اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ ملیشیا کے میڈیا ڈائریکٹوریٹ کے مطابق یہ حملہ اتوار کو کیا گیا۔

متحدہ عرب امارات میں ایرانی ڈرون حملوں کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک ہو گئے۔ وزارتِ دفاع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کا تعلق پاکستان، نیپال اور بنگلہ دیش سے تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملوں کو روکنے کی کوشش کی گئی تاہم کچھ ڈرون اپنے ہدف تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔

بحرین کے سلمان انڈسٹریل سٹی میں ایک میزائل کو فضا میں تباہ کرنے کے بعد اس کا ملبہ ایک غیر ملکی بحری جہاز پر گرا جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی اور ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ بحرینی سرکاری میڈیا کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

ماہرین کے مطابق حالیہ تنازع مشرقِ وسطیٰ میں ایک وسیع علاقائی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔ سفارتی کوششیں جاری ہیں لیکن اب تک کسی فوری جنگ بندی کے آثار نظر نہیں آ رہے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر شدید تشویش کا اظہار کر رہی ہیں اور عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کر رہی ہیں۔صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

More posts