اسرائیل کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے تہران میں ایک فضائی حملے کے دوران ایران کی قدس فورس کے ایک اعلیٰ کمانڈر کو شہید کر دیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق یہ کارروائی ایران کے دارالحکومت تہران میں کی گئی، جس میں پاسدارانِ انقلاب کی بیرونِ ملک آپریشنز کی ذمہ دار شاخ قدس فورس کے عہدیدار کو نشانہ بنایا گیا۔اسرائیلی فوج نے بیان میں کہا کہ ہلاک ہونے والے کمانڈر کی شناخت داؤد علی زادہ کے نام سے ہوئی ہے، جو قدس فورس کے لبنان کور کے "عارضی کمانڈر” تھے اور لبنان میں ایرانی سرگرمیوں کے سب سے سینئر ذمہ دار افسر سمجھے جاتے تھے۔فوجی بیان کے مطابق علی زادہ اپنے پیشرو کی جگہ تعینات کیے گئے تھے، جو اس سے قبل اسرائیلی حملے میں مارے گئے تھے۔
تاہم امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے کہا ہے کہ وہ اس دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں کر سکا، جبکہ ایران کی جانب سے تاحال اس بارے میں کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ علی زادہ جس ڈویژن کی قیادت کر رہے تھے وہ لبنان میں حزب اللہ کی عسکری صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں مدد فراہم کرتی تھی اور پاسدارانِ انقلاب اور حزب اللہ کی اعلیٰ قیادت کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ تھی۔
اسرائیل کے مطابق لبنان کور دراصل پاسدارانِ انقلاب اور لبنان کی ایران نواز تنظیم حزب اللہ کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہا تھا۔ اسرائیل گزشتہ چند روز سے لبنان میں حزب اللہ سے منسلک اہداف کو مسلسل نشانہ بنا رہا ہے۔
