Baaghi TV

اسرائیل کے ایرانی بحری اہداف پر بحیرہ کیسپین میں حملے

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ہے، جہاں اسرائیل نے پہلی بار ایران کے شمالی علاقے میں واقع بحیرہ کیسپین میں ایرانی بحری اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

ایک اسرائیلی ذریعے نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو بتایا کہ تقریباً تین ہفتوں سے جاری جنگ کے دوران یہ اپنی نوعیت کے پہلے حملے ہیں۔اسرائیلی فوج، نے تصدیق کی ہے کہ ان کارروائیوں کے لیے بحریہ اور عسکری انٹیلی جنس کی معلومات کا استعمال کیا گیا۔ بیان کے مطابق، جنگ کے آغاز کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ایران کے شمالی حصے میں اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔اب تک اس جنگ میں امریکہ کی توجہ زیادہ تر ایران کی بحری صلاحیتوں کو نقصان پہنچانے پر رہی ہے، تاہم امریکی کارروائیاں زیادہ تر خلیجِ عمان اور خلیج فارس تک محدود تھیں۔ اس کے برعکس، بحیرہ کیسپین میں ہونے والے حالیہ حملے ایک نئے جغرافیائی دائرے میں کشیدگی کے پھیلاؤ کی نشاندہی کرتے ہیں۔

بحیرہ کیسپین ایک خشکی میں گھرا ہوا سمندر ہے، جس کی سرحدیں کئی ممالک سے ملتی ہیں، جن میں روس بھی شامل ہے۔ ماہرین کے مطابق اس علاقے میں فوجی کارروائی نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر بھی بڑے سفارتی اور سیکیورٹی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت سے جنگ کے دائرہ کار میں مزید وسعت آ سکتی ہے اور دیگر ممالک بھی اس تنازع میں بالواسطہ یا براہِ راست متاثر ہو سکتے ہیں۔

More posts