اسرائیلی وزیر دفاع نے حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم کو خبردار کیا ہے کہ یہودی تہواروں کے دوران حملوں میں اضافے پر انہیں بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ نعیم قاسم کے لیے واضح پیغام ہے کہ ان کے اقدامات کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔
انہوں نے دھمکی آمیز انداز میں کہا کہ حزب اللہ قیادت کو بھی دیگر رہنماؤں کی طرح انجام کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے شمالی اسرائیل پر متعدد راکٹ حملے کیے، جو یہودی تہوار پاس اوور کے آغاز کے موقع پر کیے گئے۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے اثر و رسوخ کو ختم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا اور دریائے لیتانی کے علاقے میں سیکیورٹی کنٹرول برقرار رکھا جائے گا۔
اسرائیلی حکام کے مطابق ان کا ہدف لبنان میں حزب اللہ کی عسکری صلاحیتوں کو مکمل طور پر ختم کرنا ہے، جبکہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث صورتحال مزید نازک ہوتی جا رہی ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع کی حزب اللہ کو سخت دھمکی
