Baaghi TV

اٹلی کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے ساڑھے 10 ہزار نوکریوں کا کوٹہ مختص

pakistan

اسلام آباد: وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کے ترجمان نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اٹلی سے مجموعی طور پر ساڑھے 10 ہزار نوکریوں کا کوٹہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ اٹلی کی حکومت نے آئندہ تین برسوں کے لیے پاکستانی ورکرز کے لیے روزگار کا باضابطہ کوٹہ الاٹ کر دیا ہے، جس کے تحت ہر سال 3 ہزار 500 پاکستانی شہری روزگار کے لیے اٹلی جا سکیں گے۔

ترجمان کے مطابق اٹلی یورپ کا پہلا ملک ہے جس نے پاکستان کے لیے سرکاری سطح پر نوکریوں کا کوٹہ مختص کیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت ہر سال 1 ہزار 500 پاکستانی سیزنل جبکہ 2 ہزار نان سیزنل کوٹہ کے تحت اٹلی جا سکیں گے۔ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ہوتے ہوئے دوطرفہ تعلقات اور افرادی قوت کے شعبے میں تعاون کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اٹلی کی جانب سے شپ بریکنگ، ہیلتھ کیئر اور زراعت کے شعبوں میں پاکستانی ورکرز کے لیے خصوصی کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ ان شعبوں میں پاکستانی ہنرمند اور نیم ہنرمند افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جس سے نہ صرف بے روزگاری میں کمی آئے گی بلکہ ترسیلاتِ زر میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ اٹلی میں پاکستانی ورکرز کے لیے ویلڈرز، ٹیکنیشنز، شیف، ویٹرز اور ہاؤس کیپنگ کے شعبوں میں بھی روزگار کے مواقع دستیاب ہوں گے۔ اس کے علاوہ نرسنگ، میڈیکل ٹیکنیشن، فارمنگ اور کاشتکاری جیسے شعبوں میں بھی پاکستانی افرادی قوت کو خوش آئند مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان جوائنٹ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس فروری میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں لیبر موبلٹی، ورکرز کی تربیت، قانونی طریقہ کار اور دیگر اہم امور پر تفصیلی غور کیا جائے گا تاکہ پاکستانی ورکرز کو باعزت اور محفوظ روزگار فراہم کیا جا سکے۔

ادھر وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے اٹلی کی جانب سے پاکستان کے لیے نوکریوں کا کوٹہ مختص کیے جانے کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے اٹلی میں پاکستانی ورک فورس کے لیے روزگار کے دروازے کھلنے جا رہے ہیں اور یہ اقدام یورپ میں پاکستانی محنت کشوں کے لیے نئے امکانات کی بنیاد بنے گا۔چوہدری سالک حسین نے مزید کہا کہ مستقبل قریب میں یورپ کے مزید ممالک بھی پاکستانی ورک فورس کے لیے اپنے دروازے کھولیں گے۔ ان کے مطابق یہ پیش رفت یورپین لیبر مارکیٹ میں پاکستان کے لیے روزگار کے نئے مواقع تلاش کرنے کی سمت ایک تاریخی قدم ہے،حکومتِ پاکستان اپنے محنت کشوں کو عالمی سطح پر باعزت، محفوظ اور قانونی روزگار فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر ہیں اور حکومت ان کی فلاح و بہبود، تحفظ اور حقوق کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

More posts